ہوبارٹ (جنگ نیوز) آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان ٹم پین ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہوگئے۔ پین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دستبرداری کا فیصلہ مشکل رہا، لیکن میری فیملی، کرکٹ اور میرے لیے اچھا ہے، میرا عمل اس معیار سے نہیں ملتا کہ میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کروں۔ ٹم پین پر 2017 کی ایشز سیریز کے دوران کرکٹ تسمانیہ کی سابق ملازمہ کو نازیبا پیغامات بھیجنے کا الزام ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے ان الزامات پر تفتیش کی تھی۔ پین نے کہا کہ اس تفتیش میں مجھے بری کر دیا گیا تھا لیکن اس عمل پر آج بھی شرمندہ ہوں۔فیملی کا سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے کہا ہے کہ ٹم پین ایشز سیریز میں بحیثیت کھلاڑی دستیاب ہوں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ٹم پین کے خلاف کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا الزام ثابت نہیں ہوا لیکن اس طرز کی زبان اور رویے کو نظر انداذ نہیں کیاجاسکتا۔ آٹھ دسمبر کو نئے کپتان کا اعلان کر دیا جائے گا۔