کراچی میں آگ لگنے کے واقعات تواتر کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں، کراچی کے علاقے صدر میں پارکنگ پلازہ کے سامنے پٹرول پمپ پر کھڑے آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی جسے کافی جدوجہد کے بعد بجھا دیا گیا تاہم ٹینکر میں 16 ہزار لیٹر پیٹرول اب بھی موجود ہے۔
فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ آگ پھیل کر سڑک تک پہنچ گئی جس کے بعد پارکنگ پلازہ سے مزارِ قائد تک جبکہ ایمپریس مارکیٹ سے پارکنگ پلازا جانے اور آنے والی دونوں سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کر دی گئیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آئل ٹینکر میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے 11 فائر ٹینڈر اور اسنارکل بھیجی گئی جنہوں نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔
فائر بریگیڈ حکام نے مزید بتایا کہ ٹینکر خالی کرنے کے دوران اسپارکنگ سے آگ لگی، جو پانی، فوم اور مختلف کیمیکلز کے ذریعے بجھائی گئی۔
فائر بریگیڈ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے دوران پیٹرول پمپ کے قریب واقع زیرِ تعمیر عمارت سے مزدوروں کو بھی نکال دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آج صبح لیاقت آباد کے علاقے تین ہٹی میں 100 کے قریب جھگیاں جل کر خاکستر ہو گئیں، اس آگ پر بھی فائر بریگیڈ نے کافی جدوجہد کے بعد قابو پایا گیا۔
متاثرہ پیٹرول پمپ کے منیجرکا کہنا ہے کہ آگ سے جلنے والے ٹینکر میں 24 ہزار لیٹر پیٹرول موجود تھا، 8 ہزار لیٹر پیٹرول انڈر گراؤنڈ ٹینک میں منتقل کردیا گیا تھا، ٹینکر میں 16 ہزار لیٹر پیٹرول اب بھی موجود ہے۔