آل پاکستان پٹرول پمپس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 25 نومبر کو ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
مرکزی رہنما پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ماجد انصاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے مطالبات تسلیم نہیں کیے، لہٰذا 25 نومبر کو گلگت بلتستان اور چترال سمیت ملک بھر میں پٹرول پمپس بند رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیلر کا مارجن 6 فیصد کرنے تک حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
ماجد انصاری نے مزید کہا کہ حکومت نے پہلے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی، جس پر 5 نومبر کی ہڑتال کی کال واپس لے لی تھی، مگر وعدے پورے نہیں ہوئے۔
سیکریٹری اطلاعات پاکستان پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن نعمان علی بٹ نے کہا کہ پیٹرول پمپس 25 نومبر سے بند کردیں گے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 25 نومبر سے پیٹرول پمپس بند ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا مطالبہ ہے کہ ڈیلرز منافع میں اضافہ کیا جائے۔
نعمان علی بٹ نے مزید کہا کہ ہڑتال کی کال وفاقی وزیر حماد اظہر اور سیکریٹری پٹرولیم سے ملاقات کے بعد واپس لی گئی تھی، حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے۔