کراچی (اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائرز میں پاکستان کی مہم شکست سے شروع ہوئی۔پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈکپ کوالیفائر کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے ہرادیا۔ آل رائونڈ کارکردگی پر فاتح ٹیم کی رومانہ احمد پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔ ہرارے میں کھیلے گئے خواتین ورلڈ کپ کوالیفائی میچ میں بنگلہ دیشی خواتین کر کٹ ٹیم نے پاکستان کو تین وکٹ سے شکست دے دی۔ اتوار کو پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹ پر201رنز بنائے۔49 رنز پر پاکستان کے آدھی بیٹنگ لائن فارغ ہوچکی تھی۔ ایسے میں ندا ڈار اور عالیہ ریاض نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 137 کی شراکت قائم کی۔ ندا ڈار 87اور عالیہ ریاض کے61رنز نمایاں تھے ۔ ریتو مونی اور ناہیدہ اختر نے دو، دو جبکہ سلمیٰ خاتون اور رومانہ احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں بنگلہ دیش نے سات وکٹ پر202رنز بناکر تین وکٹ سے کامیابی حاصل کر لی، رومانہ احمد نے نصف سنچری50 رنز بنائے۔ شرمین اختر 31، فرغانہ حق 45، ریتو مونی 33 اور سلمیٰ خاتون 18 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بیٹرز تھیں۔ بنگلہ دیش نے ہدف دو گیند پر قبل حاصل کیا۔ پاکستان کی جانب سے عممہ سہیل اور نشرہ سندھو نے دو دو جبکہ انعم امین، فاطمہ ثنا اور ندا ڈار ایک ایک شکار کرنے میں کامیاب رہیں۔ خیال رہے کہ اس سیریز سے قبل ویسٹ انڈیز نے ہوم گرائونڈز پر پاکستان ویمنز کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔