اسلام آباد (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ شرح سود میں ڈیڑھ فیصد مزید اضافہ اندھی حکومت کا ایک اور اندھا دھند تباہ کن اقدام ہے،جس سے پاکستان پر سالانہ مزید 400ارب سود کی اضافی ادائیگی لاد دی گئی ہے، اس اقدام سے نجی شعبے کو بھی 100ارب روپے سود کی مد میں زیادہ ادا کرنے پڑینگے۔ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ حماقت در حماقت کر کے حکومت خوش گمانی میں مبتلا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور روپے کی بے قدری کو شاید روک لیا جائے، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے پچھلے ہفتے کے انڈیکس میں 15 فیصد اضافہ تھا، بڑا اضافہ 60فیصد کا بجلی کے نرخوں میں تھا،پرائس انڈیکس میں 70فیصد کا اضافہ ایل پی جی کی قیمت میں تھا، ان دونوں اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کا سود شرح سود سے کوئی تعلق نہیں، ان قیمتوں کا اضافہ صرف حکومت کی ناقص پالیسی کی وجہ سے ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی حکومت بدستور عوام اور نجی شعبے کے اوپر اپنی نااہلی اور نالائقی کا وزن ڈال رہی ہے۔