گوادر ( اکبر جندانی،نامہ نگار) گوادر کو حق دو تحریک کے دھرنے کو ایک ھفتہ مکمل ، مظاہرین کی تعداد میں اضافہ ، تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کی قیادت میں بچوں کی تاریخی ریلی، نیشنل پارٹی، ن لیگ اور پی پی پی رہنماؤں کی دھرنے میں شرکت، حمایت کا اعلان کردیا ، دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ ہما رے مطالبات نہ مان کر حکومت بلوچستان اپنےلئے خود مشکلات پیدا کررہی ہے، ایم پی اے گوادر ہمارے دھرنے میں آکر بیٹھ جائیں یا استعفی دیں ۔ مولانا ہدایت الرحمان کی قیادت میں بچوں کی تاریخی ریلی نکالی گئی جو فش ھاربر روڈ سے ہوتے ہوئے عمر بن خطاب مسجد کے سامنے اختتام پذیر ہوئی ۔ ریلی کے شرکا کے ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی تھے جن پر مختلف مطالبات درج تھے ۔ مولانا ہدایت الرحمان نے کہاکہ قوم نے جن کو ووٹ دیا ہے وہ سب غائب ہیں ، بلوچ عوام کو اب ہوش آگیا ہے۔