تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: حیام بٹ
ملبوسات: Arshuman By Faisal Raza
آرایش: Sleek By Annie
عکّاسی: ایم۔کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
زندگی یک سانیت کا شکار ہوجائے، توسخت بوریت ہونے لگتی ہے ۔صُبح و شام کےایک سے معمولات سےعجب بے زاری سی محسوس ہوتی ہے ، حتیٰ کہ مِلنے ملانے، گھومنے پِھرنے، سجنے سنورے کو بھی جی نہیں کرتا۔ اگر ان دِنوں آپ بھی ایسی ہی کیفیات سے دوچار ہیں، تو اپنا ہوا، پانی بدلیں۔کسی پُر فضا، پُر سکون مقام پر چلے جائیں۔ پرندوں کی چہچہاہٹیں سُنیں، رنگ برنگے، مُسکراتے کھلکھلاتے پھول، پودے دیکھیں، چاند ، ستاروں کے ساتھ کچھ وقت گزاریں اور چاہیں توبناؤ سنگھار کا انداز بھی یک سر بدل ڈالیں۔ یقین جانیے، یک سانیت کا حصار ہی نہیں ٹوٹے گا،مَن کی کلی بھی یک دَم ہی کھل اُٹھے گی۔ جیسا کہ اس بار ہم نے بھی اپنی بزم روٹین سے ہٹ کر جدّت و ندرت سے بَھرپور کچھ ویسٹرن پہناووں سے مرصّع کی ہے۔
ذرا دیکھیے، سیاہ جینز کے ساتھ سُرخ رنگ میں قدرے چھوٹی شرٹ، جس کے شولڈرز پر کام کیا گیا ہے، کیسی پیاری لگ رہی ہے۔ پھر سفید فلیپر کے ساتھ سُرخ رنگ پلین ٹِکنگ شرٹ بہت اسٹائلش سا لُک دے رہی ہے،تو مونگیا رنگ میں بٹن ڈاؤن شرٹ وِد فُل سیلوز بھی خُوب جچ رہی ہے۔ اِسی طرح سیاہ اِنر کے ساتھ جرسی میں اسنیک پرنٹڈ میکسی جداگانہ انداز لیے جلوہ گر ہے، تو سفید رنگ ٹائٹس اور اسکرٹ کا انتخاب بھی لاجواب ہے، جب کہ بلیو رنگ جینز کے ساتھ ٹیل رنگ ٹِکنگ شرٹ بھی خوش گوار تاثر دے رہی ہے۔