لاہور، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو ٹیپ نے سیاست میں ہلچل مچا دی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس کا ایک نیا آڈیو کلپ سامنے آنے سے پتا چلتا ہے کہ کس طرح نواز شریف اور مریم نواز کو سیاسی عمل سے باہر رکھنے کیلئے عظیم الشان اسکیم کے تحت نشانہ بنایا گیا۔
پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا آڈیو اوررانا شمیم کا بیان بڑاسوالیہ نشان ہے، پرویز رشید نے کہا کہ اپنی آواز نہ پہچانے والا کل اپنے فیصلوں سے مکر جائیگا، مریم اورنگزیب نے کہا کہ امریکی فرانزک کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ آواز ثاقب نثار ہی کی ہے
ایک دن حق اور سچ سامنے آکر ہی رہتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے سماجی رابطوں ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میںکہا کہ وقت آگیا ہے کہ ان غلطیوں کو درست کیا جائے، قوم انصاف کے نظام کی منتظر ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار کی تردید پر اپنا ردعمل جاری کرتے ہوئے اللہ اکبر لکھا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں مریم نواز نے اللہ اکبرلکھا۔مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان سابق وزیر اطلاعات و مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف، مریم کی سزا عدل کے ہر پیمانے کے مطابق ختم ہوچکی ہے
امریکی کمپنی نے آواز کے حقیقی اور درست ہونے کا سائنسی تجزیہ کیا ہے، امریکی کمپنی نے تصدیق کی کہ آواز ثاقب نثار ہی کی ہے، اعمال نامہ حاضر ہے جناب کا، گناہ پرعذر پیش کرنا بدترین گناہوں میں سے ہے۔
مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما پرویز رشید نے سابق چیف جسٹس (ر) ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو ریکارڈنگ معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جو اپنی آواز پہچاننے سے معذوری ظاہر کر رہا ہے وہ کل اپنے لکھے فیصلوں سے بھی مکر جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے موقع پرانٹرنیٹ کی تاریں کاٹ کر اور جیمر لگا کر شرکاء کو نواز شریف کی تقریر سننے سے محروم رکھنے کی کوشش کی گئی۔