سابق پاکستانی فاسٹ بالر شعیب اختر کاکہنا ہے کہ بنگلا دیش اگر کرکٹ میں آگے بڑھناچاہتا ہے تو اپنے سسٹم میں تبدیلی کرنی پڑے گی۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شعیب اختر نے اپنے ویڈیو پیغام میں قومی ٹیم کو سیریز میں بنگلا دیش کا وائٹ واش کرنے پر مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ہونے والی ٹی 20سیریز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ بابراعظم اپنے آپ کو بڑے پریشر کے سامنے لائے، اچھی کپتانی کر رہے ہیں‘۔
انہوں نے بابر اعظم کو آسٹریلین کی طرح تگڑا ہونے کا مشورہ دیا۔
شعیب اختر نے بنگلا دیش کے بارے میں کہا کہ’وہ ایک اچھی قوم ہیں اور اچھے لوگ ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ وہ بنگلا دیش کے لوگوں سے بڑی محبت کرتے ہیں اور ان کا خیال بھی رکھتے ہیں اور جب بھی ان سے ملتے ہیں انہیں وقت دیتے ہیں‘۔
شعیب اختر نے بنگلا دیش کی سیریز میں شکست پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ’ بنگلا دیش کو بہت بڑی شکست ہوئی اور وہ بھی ان کے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کے ہاتھوں، اگر بنگلا دیش کو آگے جانا ہے تو انہیں اپنی پجز اور اپنے کرکٹ کے اسٹرکچر کو تبدیل کرنا پڑے گا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’دنیائے کرکٹ کو بنگلا دیش کی سخت ضرورت ہے انہیں ورلڈ کپ سے باہر نہیں ہونا چاہیے تھا‘۔
شعیب اختر نے کہا کہ’ انہیں بنگلا دیش کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے اور پاکستان سے 0-3 سے ہارنے پر افسوس ہوا‘۔
آخر میں شعیب اختر نے قومی کرکٹ ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان بہت بہترین ٹیم ہے، پاکستان کو ہرانا آسان کام نہیں ہے‘۔
خیال رہے کہ پاکستان نے آخری ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو شکست دے کر حریف کو سیریز میں وائٹ واش کردیا۔