کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ہاکی ٹیم اپنی مہم کا آغاز بدھ کو مشکل حریف جرمنی کے خلاف میچ سے کرے گی، جبکہ دیگر میچوں میں میزبان بھارت کا مقابلہ فرانس ، کینیڈا کا پولینڈ سے اور ملائیشیاء کا مقابلہ چلی سے ہوگا، بھارت کے شہر بھوبنیشور میں 24 نومبر سے 5 دسمبر تک کھیلے جانے والے اس میگا ایونٹ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم سمیت 16 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں، انہیں چار پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم کے کپتان رانا وحید نے کہا ہے کہ ٹیم ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ پریکٹس میچز میں چلی اور کینیڈا کے خلاف کامیابی سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ مورال بلند ہے اور ہم جیتنے کے لئے پرعزم ہیں، قوم سے ٹیم کی فتح کے لئے دعا کی اپیل ہے۔ پاکستان ٹیم پول ڈی میں ارجنٹائن، مصر اور جرمنی کے ساتھ شامل ہے۔ پاکستان اپنا دوسرا پول میچ 27 نومبر کو مصر کے خلاف جبکہ تیسرا اور آخری پول میچ 28 نومبر کو ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گا۔