وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز نے بڑے چینلز کے اشتہارات کنٹرول کرنے کا اعتراف کیا ہے، یہ سنگین مالی بے ضابطگیوں کا ایک اور اعتراف ہے۔
اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ مریم کہتی ہیں کہ میں پارٹی کا میڈیا سیل چلا رہی تھی، اس اعترافی بیان کے بعد امید ہے وہ اپنی اور خاندان کی بیرونِ ملک جائیدادوں کا اعتراف بھی کر لیں گی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ قوم چشم براہ ہے۔
واضح رہے کہ آج پریس کانفرنس کے دوران مریم نواز نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو اپنی ہونے کا اعتراف کیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے پریس کانفرنس کے دوران سوال کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر آپ کا ایک آڈیو کلپ وائرل ہے؟
صحافی نے سوال کیا کہ آڈیو کلپ میں آپ کچھ چینلز کو اشتہار دینے کا منع کر رہی ہیں، وہ ویڈیو آج کل سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
اس پر مریم نواز نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہ نہیں کہیں گی کہ یہ آڈیو اُن کی نہیں ہے، وہ آڈیو بہت پرانی ہے۔