• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ادویات سرکاری کنٹرول سے آزاد کرنے کے بعد قیمتوں میں اضافے کی رفتار کم ہو گئی: رپورٹ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

مسابقتی کمیشن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں کو سرکاری کنٹرول سے آزاد کرنے کے بعد قیمتوں میں سالانہ اضافے کی شرح میں کمی آئی ہے جبکہ دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے قیمتیں بڑھانے کے لیے ملی بھگت کے شواہد نہیں ملے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کی ہدایت پر مسابقتی کمیشن نے 822 ادویات کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔

رپورٹ کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں سالانہ اضافے کی درمیانی شرح 14.3 فیصد سے کم ہو کر 5.2 فیصد رہ گئی، تاہم 2023ء سے 2026ء کے دوران 85.6 فیصد ادویات مہنگی ہوئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 257 ادویات کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زائد جبکہ 63 ادویات کی قیمتوں میں 100 فیصد سے بھی زیادہ اضافہ ہوا، 3 سال کے دوران ادویات کی قیمتوں میں مجموعی درمیانی اضافہ 33.9 فیصد رہا جو اسی عرصے کی عمومی مہنگائی کی شرح سے کم ہے۔

ادویات کی اقسام کے لحاظ سے آنکھوں کے امراض کی ادویات 99.3 فیصد، جِلدی امراض کی ادویات 77.9 فیصد اور ملٹی وٹامنز و منرلز 64.8 فیصد مہنگے ہوئیں، ذیابیطس اور ہارمونز سے متعلق ادویات کی قیمتوں میں 23.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 85 فیصد ادویات مقامی طور پر تیار ہوتی ہیں تاہم ان کی تیاری میں استعمال ہونے والا 95 فیصد خام مال درآمد کیا جاتا ہے۔

مسابقتی کمیشن نے ادویات کی قیمتوں پر دوبارہ سرکاری کنٹرول نافذ کرنے کے بجائے مؤثر نگرانی کی سفارش کی ہے۔

کمیشن نے تجویز دی ہے کہ دوا ساز کمپنیوں کو قیمتوں میں ہر اضافے سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو آگاہ کرنے کا پابند بنایا جائے۔

رپورٹ میں مزید سفارش کی گئی ہے کہ مہنگائی کی شرح سے غیر معمولی حد تک زیادہ قیمتیں بڑھانے والی کمپنیوں سے وضاحت طلب کی جائے جبکہ جن ادویات کے متبادل محدود ہیں، ان کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی تحقیقات کی جائیں۔

تجارتی خبریں سے مزید