سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کلپ کا فارنزک تجزیہ کرنے والی امریکی فرم گیرٹ ڈسکوری کا کہنا ہے کہ اُسے اس کام کی وجہ سے دھمکی آمیز فون کال موصول ہوئی ہے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کال کہاں سے کی گئی۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں گیرٹ ڈسکوری نے کہا کہ دھمکی آمیز کال میں کہا گیا کہ ہماری زندگیاں خطرے میں ہیں اور اُسی شخص نے آڈیو کلپ کی تصدیق کرنے پر ہمیں عدالت میں لے جانے کی دھمکی بھی دی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اُن کی ٹیم کو فارنزک نتیجہ بدلنے پر مجبور کرنا غیر اخلاقی ہے۔
سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آڈیو کلپ کو من گھڑت قرار دیا ہے۔ ایک نامور پاکستانی میڈیا گروپ کے مطابق گیرٹ ڈسکوری نے اُنہیں کہا ہے کہ جس ویب سائٹ فیکٹ فوکس کے ساتھ آڈیو کلپ کی تصدیق کا معاہدہ ہوا ہے اگر وہ اجازت دے گی تب ہی فارنزک تفصیلات منظر عام پر لائی جا سکتی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فیکٹ فوکس ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ یہ دو لوگوں کے درمیان ہوئی بات چیت کی حقیقی آڈیو ٹیپ ہے لیکن فارنزک اُس ٹیپ کا کروایا گیا ہے، اُن دو آوازوں کا نہیں۔