• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہم پلیئرز کی انجری، ٹیسٹ سیریز سے قبل بنگلہ دیش ٹیم کا بحران شدت اختیار کرگیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش ٹیم پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل مزید بحران کا شکار ہوگئی۔ اسےاپنے صف اول کےآل رائونڈر شکیب الحسن کی خدمات سے محروم ہونا پڑا ہے ان کی دونوں ٹیسٹ میچز میں شرکت مشکوک ہے۔ پہلا ٹیسٹ جمعے سے شروع ہوگا۔ شکیب ہیم اسٹرنگ انجری سے چھٹکارا نہیں پا سکے ہیں۔ سلیکٹرز نے شکیب الحسن کا نام پہلے ٹیسٹ کیلئے شامل کیاتھا ۔ چیف سلیکٹر منہاج العابدین کا کہنا ہے کہ شکیب مکمل فٹ نہیں ہو سکے ہیں اورپہلا ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے ان کا ری ہیب جاری رہے گا ۔ ان کی انجری میں بہتری دکھائی نہیں دے رہی۔ شکیب الحسن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آخری دو میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف فروری میں ٹیسٹ کھیلا تھا جس کے دوران وہ زخمی ہوئے تھے۔ بنگلہ دیش تمیم اقبال کی خدمات سے بھی محروم ہے۔ فاسٹ بولر تسکین احمد اور شرف الاسلام بھی نہیں کھیل سکیں گے۔ دوسری جانب پاکستان ٹیم نے پہلے ٹیسٹ کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، کھلاڑیوں نے چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں تین گھنٹے بھرپور ٹریننگ کی۔ فزیکل ٹریننگ کے بعد فیلڈنگ سیشن میں حصہ لیا۔ سلپ میں کیچنگ اور گراؤنڈ فیلڈنگ پر خاص توجہ دی گئی۔ وکٹ کیپرز محمد رضوان اور سرفراز احمد ایک دوسرے کو پریکٹس کراتے رہے۔ بولنگ اور بیٹنگ کی بھی پریکٹس کی گئی۔ جمعرات کی صبح کپتان بابر اعظم پریس کانفرنس کریں گے۔

تازہ ترین