• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امام بخاریؒ اپنے فن کے بھی امام تھے،علامہ خضر احمدشاہ

برمنگھم( پ ر)جامعۃ السلام برمنگھم میں ختم بخاری شریف اور جلسہ سیرت النبی ﷺ وتقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی شیخ الحدیث علامہ خضر احمد شاہ پوتے علامہ انور شاہ کاشمیریؒ نےطالبات کو بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا، اس موقع پر انھوں نے خطاب کرتے ہوئے امام بخاریؒ کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ امام بخاری اپنے فن کے امام تھے، اس فن کو بچانے میں بھی ان کا بڑا کردار تھا، کوئی کتاب امام بخاریؒ کی کتاب کو نہیں پہنچ سکتی قیامت کے روز اعمال کا وزن کیا جائے گا جن کے اعمال وزنی ہوں گے وہ کامیاب اور جن کے اعمال ہلکے ہوں گے وہ ناکام ہوں گے۔ مولانا عطااللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ امام بخاری کی کتاب بخاری شریف کو قرآن پاک کے بعد سب سے صحیح کتاب ہونے کا شرف حاصل ہے انھوں نے کہا کہ امام بخاریؒ بچپن نابینا ہوگئے تھے ان کی والدہ نے دعا کی تو اللہ تعالی نے ان کی بینائی لوٹادی ،امام بخاری کو ستر ہزار احادیث یاد تھیں، آپ نے 23سال کی عمر میں بخاری شریف لکھنی شروع کی اور 16سال میں اس کو مکمل کیا، آپ حدیث لکھنے سے پہلے غسل کرتے اور دو نوافل ادا کرتے پھر حدیث لکھتے، انھوں نے کہا کہ آج فتنوں کا دور ہےآج کے دور کا ایک فتنہ منکرین حدیث کا فتنہ ہے۔ حدیث قرآن کی تفسیر ہے جو حدیث کو نہیں مانتا وہ دراصل قرآن کو نہیں مانتا، انھوں نے کہا اپنے بچوں کو دین کی تعلیم کے لیے وقف کریں، سیرت النبی ﷺکا مطالعہ کریں ۔ شیخ ممتاز الحق لندن نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضورﷺ کی محبت دین کی شرط اوّل ہے، ایمان اس وقت تک مکمل نہ ہوگا جب تک ہمیں اپنے ماں باپ اولاد سے زیادہ آپﷺ سے محبت نہ ہوگی ۔ مولانا ضیا المحسن طیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ مساجد اور مدارس اسلام کے قلعے ہیں یہاں سے دین کے معلم اور اسلام کے سپاہی پیدا ہوتے ہیں، انھوں نے کہ وہ والدین مبارک باد کے مستحق ہیں جن کے بچے اور بچیاں دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم بھی حاصل کرتے ہیں ۔مولانا خالد حسین مہتم جامعۃ السلام نے جامعہ کی کارکردگی اور آئندہ کے پروگراموں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جامعہ سے اب تک 121طلبہ اور طالبات قرآن پاک حفظ، عالم اور عالمہ کا کورس مکمل کرچکے ہیں، انھوں نے زیر تعمیر مسجد سلام کی جلد تکمیل کے لیے دعاؤں اور تعاون کی اپیل کی۔ جلسہ کی صدارت بزرگ رہنما ڈاکٹر اخترالزمان غوری نے کی ،انھوں نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا اور جامعہ سے سندِ فراغت حاصل کرنے والے طلبہ اور طالبات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ،اس سے پہلے جلسہ کا آغاز قاری عبدالجبار ازھری کی تلاوت سے ہوا، پروگرام کا اختتام علامہ خضر احمد شاہ کی دعا سے ہوا۔
تازہ ترین