• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ظہیر جنجوعہ سے بلجیم باکسنگ چیمپئن عمر شایان کی ملاقات

برسلز( عظیم ڈار/حافظ انیب راشد) سفیرِ پاکستان برائے بلجیم، لکسمبرگ و یورپی یونین ظہیر اے جنجوعہ سے بلجیم کے باکسنگ چیمپئن پاکستان نژادعمر شایان نے سفارتخانہ پاکستان برسلز میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سفیر پاکستان ظہیر اے جنجوعہ نے انڈر 18 بلجیم باکسنگ چیمپئن عمر شایان کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ آپ جیسے نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں اور باکسنگ جیسے مشکل کھیل میں کم عمری کے دوران بلجیم نیشنل چمپیئن بننا بلا شبہ ملک و قوم کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انھوں نے عمر شایان کو سفارتخانہ پاکستان برسلز کا دورہ کرایا، اس دوران عمرشایان کے والد معروف کشمیری رہنما مرزا شبیر احمد جرال ان کے ہمراہ تھے، پاکستان نژاد عمر شایان احمد نے حال ہی میں لائٹ ویٹ کیٹیگری (67 کلوگرام) میں انڈر 18 بلجیم کا قومی ٹائٹل جیت کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔ سفیرِ پاکستان نے چیمپئن شپ کے دوران نوجوان باکسر کے عزم اور اعتماد کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی شاندار صلاحیتوں کے مالک ہیں اور ملک کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔یاد رہےبلجیم کی نیشنل باکسنگ چیمپئنز لیگ کا انعقاد بلجیم کے شہر گینٹ میں ہوا تھا جس میں مختلف کیٹیگریز کے تقریباً 100 کھلاڑیوں نے حصہ لیا، عمر شایان نے اپنے حریف ایمزہ ڈیوڈ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ 
تازہ ترین