اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان مختلف مذاہب، ثقافتوں اور تہذیبوں کے درمیان امن وآشتی اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنی تمام کوششیں بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہے، مغرب اظہار رائے کی آزادی کے غلط استعمال کی حوصلہ افزائی نہ کرے،اسلام امن کا دین ہے جو تشدد وانتہاءپسندی کو قبول نہیں کرتا، مختلف تہذیبوں کے گہوارے کے طور پر پاکستان،مختلف ثقافتوں کا ایک حسین امتزاج ہے۔وہ بدھ کو یہاں عالمی بین المذاہب امن کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ شرانگیز پراپیگنڈے کے باوجود دنیا میں یہ احساس بڑھ رہا ہے کہ اسلام امن کا دین ہے جو تشدد وانتہاپسندی کو قبول نہیں کرتا اور نہ ہی اسکے فروغ یا حوصلہ افزائی کی ترغیب دیتا ہے، اسلام نسلی برتری کے نظریات اور رنگ ونسل کی بنیاد پر امتیازات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔