• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں انسانی بحران روکنے کیلئے عالمی برادری توجہ دے، آرمی چیف

راولپنڈی(نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، افغانستان میں انسانی بحران روکنے کیلئے عالمی برادری توجہ دے۔ جبکہ برطانوی خصوصی نمائندے نائیجل کیسی نے کہا ہے کہ افغان صورت حال اور علاقائی استحکام میں پاکستان کا کردار اور بارڈر مینجمنٹ کیلئے خصوصی کاوشیں قابل ستائش ہیں ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان، پاکستان اور ایران کے فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس اور برطانیہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان و پاکستان نائیجل کیسی نے ملاقات کی جس میں میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی حالیہ پیشرفت سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں، پاکستان عالمی و علاقائی سطح کے امور میں برطانیہ کے کردار کو اہمیت دیتا ہے اور برطانیہ کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، افغانستان میں انسانی بحران کی صورتحال پیدا نہ ہونے دینے کے لیے عالمی اشتراک کی ضرورت ہے، عالمی توجہ سے افغانستان میں انسانی بحران کو روکا جاسکتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید