• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی سینیٹرزکابرطانوی پارلیمنٹ کا دورہ،کشمیر سےمتعلق کتاب پیش کی

کوئٹہ(پ ر)خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر برطانوی پارلیمنٹ کے رکن اور آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ کے سینئر وائس چیئرمین برائے کشمیرشیڈو منسٹر بیرسٹر عمران حسین کی دعوت پر پاکستانی سینیٹرز نے لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کا دورہ کیا۔پاکستانی سینیٹرز کے وفد میں کنوینئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری ، رکن کشمیر کمیٹی اینڈ فارن افیئرز سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی ، سینیٹر فوزیہ ارشد اور سینیٹر دنیش کمار شامل تھے۔ملاقات میں رکن برطانوی پارلیمنٹ و شیڈو ڈپٹی لیڈر آف کامنز (برطانوی دارالعوام )افضل خان بھی شامل تھے ۔ملاقات میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کے حوالے سے مختلف امور پر سیر حاصل گفتگو ہوئی اوراس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خواتین کو یکساں حقوق دے کر ہی انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔ملاقات میں سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور معاشرے میں صنفی مساوات کے فروغ کے لئے منفی رویوں میں تبدیلی کی اشد ضرورت ہے ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان میں کم عمری کی شادی ، خواتین کے کام کرنے کی جگہوں پر انسداد ہراسگی اور خواتین کو درپیش مسائل کے حل اور ان کو معاشی و اقتصادی طور پر بااختیار اور مستحکم بنانے کے لئے قانون سازی پر کام جاری ہے۔اس موقع پرپاکستانی سینیٹرز نے برطانوی پارلیمنٹرینز کو کشمیر سے متعلق کتاب بھی پیش کی۔
تازہ ترین