• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت احتجاجی دھرنے

کراچی(اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کے تحت بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف بدھ کو کراچی کے 11مقامات پر احتجاجی دھرنے دیئے گئے، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،اس موقع پر مقررین نے پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کے غیر آئینی اقدامات اور غیر جمہوری رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متنازع بلدیاتی ترمیمی بل 2021کو فی الفور واپس لینے، بلدیاتی اداروں کو مالی و انتظامی طور پر خود مختار بنانے اور کراچی کو میگا میٹرو پولیٹن سٹی کا درجہ دیتے ہوئے با اختیار شہری حکومت کے قیام کے لیے از سر نو قانون سازی کرنے کا مطالبہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمنٰ نے کے ایم سی ہیڈ آفس ایم اے جناح روڈ پردھرنے کےشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے منظور کردہ بلدیاتی ترمیمی بل آئین کے آرٹیکل 32اور 140-Aکے خلاف ہے،ترمیمی بل کی اسمبلی سے جبری منظور ی کراچی کے عوام کو غلام بنانے اور شہری اداروں پر قبضے کی کوشش ہے،انہوں نےکہا کہ جمعہ 3دسمبر کو اسی حوالے سے پورے شہر میں یوم سیاہ منایا جائے گا اور سینکڑوں مقامات پر مظاہرے ہوں گے جبکہ اتوار 12دسمبر کو کراچی میں ایک بھر پور اور تاریخی ”حقوق کراچی مارچ“کیا جائے گا۔

تازہ ترین