• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں کہیں بھی سبزیاں اور پھل سرکاری نرخ پر دستیاب نہیں، شہری

لاہور میں کہیں بھی سبزیاں اور پھل سرکاری نرخ پر دستیاب نہ ہونے کی شہریوں کی شکایت سامنے آگئی۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک تو سبزیاں اور پھل مہنگے ہیں، دوسری جانب کہیں بھی سبزیاں اور پھل سرکاری نرخ نامے پر دستیاب نہیں۔

لاہور میں شہری سبزیوں اور پھلوں کی روز بروز بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں، کہتے ہیں کہ سرکاری نرخ نامے آویزاں تو ہیں مگر دکاندار اور ریڑھی بان کہیں بھی سرکاری نرخوں پر عمل نہیں کرتے۔

پیاز کی سرکاری قیمت 180 روپے فی کلو مقرر ہے، مگر مارکیٹ میں 180 سے 200 روپے فی کلو میں بِک رہا ہے۔

ٹماٹر 170 کی بجائے 180 روپےکلو، ادرک 380 کی بجائے 400 روپے کلو، لہسن 320 کی بجائے 400 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔

پھلوں میں انگور 700 روپے اور سیب 250 روپے فی کلومیں فروخت ہو رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات سبزیوں اور پھلوں پر بھی پڑ رہے ہیں جبکہ انتظامیہ کہیں بھی سرکاری قیمتوں پر عمل کرواتی نظر نہیں آتی۔

شہریوں کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ عمل درآمد نہیں کروا سکتی تو عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے سرکاری نرخ نامے جاری بھی نہ کیا کرے۔

قومی خبریں سے مزید