اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )پٹرولیم ڈیلرز کا منافع بڑھا دیا گیا ، اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) میں سمری منظور کرلی گئی جبکہ پاسکو ذخائر سے ورلڈ فوڈ پروگرام کیلئے ایک لاکھ 75ہزارٹن گندم خریداری کی سمری بھی منظور کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان کی زیر صدارت ہوا جس نے پٹرول اورہائی سپیڈ ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کی منظوری دے دی ، ذرائع کے مطابق پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں 71پیسے فی لٹر جبکہ ڈیلرز کے پیٹرول کے مارجن میں 99پیسے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کے مارجن میں 83پیسے فی لٹر اضافے کی منظوری دی ہے جس کے بعد پٹرول پرڈیلرزمارجن 3.91 سے بڑھا کر 4.90 روپے، ڈیزل پرڈیلرزمارجن 3.30 سے بڑھا کر 4.13 روپے فی لٹر کر دیا گیا ہےجبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں ( او ایم سیز) کا مارجن دو روپے97پیسے فی لٹر سے بڑھ کر 3روپے 68پیسے فی لٹر ہو گئی ہے،کمیٹی نے سمری کرلی ،کمیٹی نے پاسکو کے ذخائر سے ورلڈ فوڈ پروگرام کیلئے ایک لاکھ 75ہزار میٹرک ٹن گندم کی خریداری سے متعلق وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سمری کی منظوری دی ، یہ گندم عالمی ادارہ خوراک کی جانب سے پاکستان اور افغانستان میں مستحقین تک پہنچائی جائے گی ۔اجلاس میں احساس کفالت پروگرام سے متعلق تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کی سمری کی منظوری دی گئی ۔