• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، سندھ بار کونسل کا ملازم جاں بحق


کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں ٹارگٹ کلرز دوبارہ سرگرم ہوگئے۔بدھ کی صبح گلستان جوہر بلاک 13عائشہ مسجد کے قریب مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان کی کار پر فائرنگ کے نتیجے میں سیکرٹری سندھ بار کونسل 45سالہ عرفان علی مہر ولدخیر محمد جاں بحق ہوگئے۔ مقتول کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی پولیس کے مطابق ملزمان نے عرفان مہرپر پے در پے کئی گولیاں ماریں اور فرار ہو گئے جبکہ وکیل رہنما نعیم قریشی ایڈووکیٹ کے مطابق 45 سالہ عرفان مہر گلستان جوہر کے رہائشی تھے اور اپنی بچی کو کار میں اسکول چھوڑنے کے لیے بلاک 13 میں پہنچے تو واپسی پر موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے انہیں کار میں ہی نشانہ بنایا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی بھی پولیس کو موصول ہو گئی ہے،جس میں ملزمان کو ہیلمٹ پہنے فائرنگ کرتے ہوئے واضح دیکھا جا سکتا ہے ۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے 3رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنادی ہے۔دریں اثنا کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے اور جنرل سیکریٹری کراچی بارایسوسی ایشن عامر نواز وڑائچ نے مطالبہ کیا ہے کہ عرفان علی مہرکےقاتلوں کوگرفتار کرکے سزادی جائے۔کراچی بار ایسوسی ایشن نے عرفان علی مہر کے قتل پر آج عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے احتجاجاً عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔

تازہ ترین