وزیراعظم عمران خان سے پبلک اکاؤنٹ کمیٹی (پی اے سی) حکومتی ممبران کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، پی اے سی ممبران نے کرپشن سے متعلق تمام معاملہ بیوروکریسی پر ڈال دیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ارکان کے مطابق بیوروکریسی کرپشن کے معاملات پر سنجیدہ نہیں ہے، جتنےکرپشن کے معاملات ہائی لائٹ کرتے ہیں بیوروکریسی دبا دیتی ہے، تمام فائلز بیوروکریسی کے پاس سے گزرتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکان نے کہا کہ معاملات نیب کو بھجواتے ہیں وہاں بھی کرپشن کیس پر بڑا قدم سامنے نہیں آتا۔
پی ٹی آئی رہنما ریاض فتیانہ اور نور عالم خان نے پی اے سی کی کارکردگی سے متعلق وزیراعظم کو بتایا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم ریاض فتیانہ کی بطور ممبر پی اے سی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ارکان کو آج اپنے پاس بلایا تھا، جس میں کمیٹی کے رکن ریاض فتیانہ کے امین اسلم اور زرتاج گل کے درمیان لڑائی اور دیگر الزامات کا جائزہ لیا گیا۔