اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہرنیس نے کہا ہے کہ پاکستان میں بڑھتا ایڈز کا مرض ایک بڑا مسئلہ ہے، گزشتہ سال 25 ہزار افراد ایڈز میں مبتلا ہوئے۔
ایڈز ڈے کے حوالے منقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت 25 لاکھ کے قریب ایڈز میں مبتلاء افراد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایڈز سے بچاؤ اور بروقت علاج کے لیے ایڈز کی ٹیسٹنگ بڑھانا ضروری ہے جبکہ ایڈز کو کنٹرول کرنے کے لیے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔
اس موقع پر ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ایڈز کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ یہ مرض دنیا میں جہاں بڑھ رہا ہے وہی کچھ ممالک نے اس پر قابو بھی پایا لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں ایڈز کی تعداد بڑھ رہی ہے، جس کی بڑی وجہ استعمال شدہ سرنج کا دوبارہ استعمال ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر 2030 تک ایڈز کو ختم کرنا ہے تو تیزی سے اقدامات کرنے ہوں گے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ ایڈز کنٹرول کے لیے حکمتِ عملی تشکیل دے دی گئی ہے توقع ہے اب ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں میں کمی آئے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔