• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز، تجربہ کار کھلاڑی ڈراپ، حسن علی کو آرام دینے کا فیصلہ


کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں تجربہ کار کھلاڑیوں سرفراز احمد اور عماد وسیم کو ڈراپ کردیا ہے، شعیب ملک اور محمد حفیظ کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہےجبکہ نان اسٹاپ کرکٹ کی وجہ سے فاسٹ بولر حسن علی کو آرام دیا گیا ہے۔محمد حفیظ نے لنکا پریمیئر لیگ کھیلنے کی وجہ سے پی سی بی سے این او سی حاصل کیا ہوا ہے۔34سالہ وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ڈراپ کرکے سلیکٹرز نے ان کے کیئریئر پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔سابق کپتان نے بنگلہ دیش کے خلاف آخری ٹی ٹوئینٹی میں شرکت کی تھی اور چھ رنز بنائے تھے۔محمد نواز کی موجودگی میں عماد وسیم کو بھی ٹیم میں جگہ بنانامشکل ہوگئی ہے۔عما وسیم نے بنگلہ دیش کی سیریز میں کوئی میچ نہیں کھیلا تھا ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کے چھ میچوں میں وہ چار وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے تھے۔ چند دن پہلے ان کی فرنچائز کراچی کنگز نے بھی ان سے کپتان چھین لی تھی۔چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ متوازن ہے۔ اسکواڈ کی تعداد کم کرنے کی وجہ سے شعیب ملک، سرفراز احمد اور عماد وسیم کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔، محمد وسیم نے کہا کہ انجری کے بعد نان اسٹاپ کرکٹ کھیلنے والے حسن علی کو ان کی مشاورت سے آرام دیا گیا ہے۔ فاسٹ بولر محمد حسنین کو ٹی ٹوئینٹی اور ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ جمعرات کوسلیکٹرز نے ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے 15رکنی جبکہ ون ڈے سیریز کے لئے 17کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے۔ٹیسٹ اوپنرعبداللہ شفیق بطور ٹریول ریزرو اسکواڈ کے ساتھ رہیںگے۔تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ کی قیادت بابر اعظم کریں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں نائب کپتان شاداب خان، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی ،حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔ قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔قومی ون ڈے ٹیم میں شامل 17کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، فخر زمان، حیدر علی ،حارث رؤف ،افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد نواز ، محمد رضوان ،محمد وسیم جونیئر، محمد حسنین، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں ٹی20اور ون ڈے سیریز 13 سے22دسمبر تک ہوگی، میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہیں۔

تازہ ترین