• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زیادتی کی خبر بے بنیاد، کوئی شکایت بھی نہیں ملی ، ترجمان اسلامی یونیورسٹی

اسلام آباد (جنگ نیوز) ترجمان بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ناصر فرید نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کی طالبات کے ساتھ زیادتی کی خبر بے بنیاد ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں ہراسانی کے حوالے سے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے رکھی ہے ، مذکورہ بے بنیاد واقعے کے حوالے سے نہ تو اس کمیٹی کو کوئی اطلاع یا شکایت کی گئی اور نہ ہی سکیورٹی آفس کو کوئی اطلاع ملی ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسی کسی بھی شکایت یا واقعہ پر سخت ایکشن لیا جاتا ہے اور جامعہ کی انتظامیہ کیمپس میں طلباو طالبات کے جان و مال کی حفاظت کے ضمن میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسی بے بنیاد خبر کو شائع کرنے سے قبل جامعہ کا موقف بھی نہیں لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی میں 30 ہزار طلبا و طالبات کے لیے اعلی معیاری تعلیم اور اسلامی و اخلاقی اقدار کی روشنی میں تربیت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اور کسی بھی منفی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جاتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی میں طالبات کے لیے مختص علیحدہ کیمپس میں نظم وضبط کے لیے قواعد وضوابط موجود ہیں جن پر سختی سے عمل درامد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کی داخلہ مہم کے موقع پر اس بے بنیاد خبر کی تشہیر کر کے والدین کے جامعہ پر اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی ۔ترجمان نے امید ظاہر کی کہ جامعہ میں شروع ہونے والی داخلہ مہم کو متاثر ہونے سے بچانے میں میڈیا بھرپور کردار ادا کرے گا اور غلط فہمی پر مبنی خبروں سے اجتناب کیا جائے گا۔
اسلام آباد سے مزید