سیالکوٹ واقعے پر اداکارہ ماہرہ خان کا رد عمل بھی سامنے آگیا، انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے واقعے پر ایکشن لینے اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں اداکارہ ماہرہ خان نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جواب، انصاف اور ملک سے اس عفریت کو ختم کرنے کے لیے آپ کی طرف دیکھ رہی ہوں میں۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا، مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگا دی۔
مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے، مشتعل افراد نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ غیرملکی منیجر کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔