• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالت میں وینا ملک کی والدہ نے اسد خٹک کو بوتل دے ماری

راولپنڈی (این این آئی)بچوں کے حوالگی کیس میں عدالت میں آئے وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک کو اداکارہ کی ماں نے بوتل دے ماری۔راولپنڈی کی مقامی عدالت میں اداکارہ وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک کی جانب سے بچوں کو تحویل میں لینے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت کے باہر اسد خٹک میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے کہ قریب موجوداداکارہ وینا کی والدہ نے اسد خٹک کو بوتل دے ماری۔ وینا ملک نے بھی ماں کا ساتھ دیا اور سابق شوہر اسد خٹک کو برا بھلا کہتی رہیں،پویس اہلکار اور گارڈز انہیں دور لے گئے۔بچوں کی حوالگی کے کیس میں اسد خٹک کے وکیل نے بچوں سے ملاقات نہ کروائے جانے پر شکایت کی اور کہاکہ بچوں کی ملاقات کرانی تھی،گزشتہ پیشی پر نہ لانے کی بنا پر عدالت نے جرمانہ کیا تھا۔وینا ملک کے وکیل نے جواب میں بتایا کہ بچوں کو ملانے کا عدالت سے کوئی تحریری حکم نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ بچوں کو ملوائیں لیکن بچے بیمار ہیں ،کراچی میں ہیں کیسے لائیں؟اسد خٹک نے بچوں سے ملاقات کرنی ہے تو گھر پر آجائیں ۔ عدالت نے بچوں کو والد سے ملوانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بچوں کو آج نہ ملایا گیا تو تحریری آرڈر دیں گے۔ کیس کی سماعت ڈیوٹی جج سول جج غلام اکبر نے کی۔گذشتہ سماعت میں فیملی کورٹ نے اداکارہ وینا ملک کو عدم حاضری اور بچوں کو پیش نہ کرنے پر 5،5ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا تھا۔دوران سماعت وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک کے وکیل نے عدالت میں اپنے موکل کا جواب جمع کرایا جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر وینا ملک کے وکیل کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر وینا ملک کو لازمی پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت4دسمبرتک ملتوی کردی تھی۔

تازہ ترین