لاہور(نمائندہ جنگ )لاہور کےضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کی نمایاں کارکردگی پر تقریب میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی پرجوش انٹری ہوئی اور تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جو شخص پاکستان میں مرنا نہیں چاہتا وہ اس دھرتی کے خلاف ہے، میاں صاحب ذات برادری کی بنیاد پر حلقے بناتے رہے ،ہر حلقہ تبدیل کریں گے ۔ تفصیلات کےمطابق آصف علی زرداری نے بلاول ہائوس میں این اے 133کے ضمنی انتخابات کے بعد پارٹی کارکنوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا ، اس موقع پر جیالوں نے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے شاندار نتائج پر جشن منایا، نعرے لگائے اور بھنگڑے ڈالے اور آتش بازی کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔