• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سال کی بہترین شادی، کترینہ اور وکی کی شادی کی تقریبات، آغاز آج سے

کراچی(رفیق مانگٹ)بالی وڈ اسٹار کترینہ کیف اور اداکاروکی کوشل کی شادی کی تقریبات کا آغاز آج سات دسمبر کو راجستھان سے ہوگا۔ 

کترینہ اور کوشل کی شادی کو سال کی بہترین شادی قرار دیا جارہا ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جوڑے نے پہلے ہی سرکاری طور پر شادی کرلی ہے، کیونکہ انہوں نے خصوصی شادی ایکٹ، 1954 کے تحت3 دسمبر کو ممبئی میں کورٹ میرج کی تھی۔ 

جولائی 1983میں ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والی کترینہ کیف کا اصل نام کترینہ ٹورکوٹ ہے۔ 

برطانوی اخبار ایکسپریس یوکے کی 2011کی رپورٹ کے مطابق کترینہ برطانوی اداکارہ ہے جو بالی ووڈ کی بڑی اسٹار بنی جسے انڈیا کی باربی ڈول کہا جاتا ہے۔

 کترینہ کے آٹھ بہن بھائی ہیں، سب سے چھوٹا بھائی ہے، ان کی والدہ انگلش کی ٹیچر تھیں۔ 

برطانوی اخبار کے مطابق کترینہ کے والد محمد کیف کشمیری مسلمان برطانوی شہری تھے۔ ماں کا تعلق عیسائی مذہب سے ہے، کترینہ کے بچپن میں ہی ان کے والدین میں طلاق ہوگئی۔ 

مئی1988 میں پنجابی خاندان میں پیدا ہونے والے وکی کوشل ہندی فلموں کے معروف اداکار ہیں 2015میں مسان فلم میں دیپک کمار کے کردار میں جلوہ گر ہونے والے کوشل نیشنل فلم ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈ یافتہ ہیں اور فوربز انڈیا کے2019کی سو شخصیات میں شامل ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ 

ہندو برہمن مذہب سے تعلق ہے۔ دہلی اور جے پور میں نجی ایجنسیاں شادی کے مقام پر کنٹرول سنبھالیں گی۔ 

اداکار سلمان خان کے باڈی گارڈ شیرا کی ٹیم مبینہ طور پر سیکیورٹی فراہم کرے گی۔ 

ایس او پیز کے تحت راجستھان کے سکس سینس فورٹ باروارہ میں کترینہ کیف اور کوشل شادی کے بندھن میں بندھیں گے اگر کوئی وہاں علاقے میں ڈرون نظر آیا تو اسے مار گرایا جائے گا۔ 

کوشل کی سابقہ گرل فرینڈ اداکارہ ہرلین سیٹھی اور کترینہ کیف کے سابق دوست اداکار رنبیر کپور کو مبینہ طور پر تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا۔

 جہاں تک سلمان خان کا تعلق ہے، ان کی بہن ارپیتا خان شرما کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا ہے۔

 اس کے علاوہ سلمان خان کے قریبی ذرائع نے واضح کیا کہ ان کی کترینہ کیف اور کوشل کی شادی میں شرکت کی خبریں جھوٹی ہیں۔

 کترینہ کیف مہندی کیلئے ڈیزائنرز ابو جانی کا جوڑا، سنگیت کیلئے منیش ملہوترا کا لہنگا اور استقبالیہ میں گچی پہنیں گی، جبکہ کوشل کے کنال راول اور راگھویندر راٹھور کے لباس زیب تن کریں گے۔ شادی میں کل 120 لوگوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

 ان میں فلمساز فرح خان، ششانک کھیتان، زویا اختر، علی عباس ظفر، کبیر خان اور روہت شیٹھی، اداکار منی ماتھر، سدھارتھ ملہوترا، کیارا ایڈوانی، ورون دھون اور اہلیہ نتاشا دلال، شاہ رخ خان، عالیہ بھٹ، سیف علی خان، کرینہ کپور خان، انوشکا شرما، کرکٹر ویرات کوہلی اورمعروف شخصیت نیتا امبانی شامل ہیں۔ 

جوڑے نے جے پور سے سیدھے چوتھ کا باروارہ میں شادی کے مقام تک ہیلی کاپٹر لے جانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

 اداکارہ پریانکا چوپڑا جونس اور گلوکار نک جونس کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کترینہ کیف اور کوشل مبینہ طور پر اپنی شادی کی تصویروں کے حقوق ایک بین الاقوامی میگزین کے بھارتی ایڈیشن کو کروڑوں میں فروخت کریں گے۔

 جودھپور کے پالی ضلع سے سوجت مہندی جوڑے کو تحفے میں دی جائے گی۔ سوجت کی ایک فرم کو20 کلو مہندی پاؤڈر اور400 مہندی کونز فراہم کرنے کا آرڈر دیا گیا ہے۔

 یہ بات خاص ہے کہ جوڑی خاص طور پر ڈیزائن کئے گئے شیشے کے شاندار منڈپ میں مالاؤں کا تبادلہ کریں گے۔ مہمانوں سے معاہدے پر دستخط لئے جائیں گے کہ شادی میں شرکت کے بارے میں کوئی انکشاف نہیں کیا جائے گا، سوشل میڈیا پر کوئی تصویر یا مقام شیئر نہیں کیا جائے گا، باہر کی دنیا سے اس وقت تک کوئی رابطہ نہیں کیا جائے گا جب تک وہ پنڈال سے باہر نہ جائیں۔

 تمام تصاویر شادی کے منصوبہ سازوں کی منظوری کے بعد ہی شائع کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ کوئی ویڈیو نہیں بنائی جاسکتی۔ ضلع کلکٹر نے تمام منتظمین سے کہا ہے کہ وہ کووڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل کریں۔ تمام مہمانوں کے پاس ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ اور منفی پی سی آر رپورٹ لازمی ہونی چاہئے۔ 

اس موقع کو نشان زد کرنے کیلئے جوڑا رسومات کے ایک حصے کے طور پر پودے لگائے گا۔ 

کوشل اپنی بارات کے ساتھ شاندار انٹری دیں گے، جس کیلئے سات سفید گھوڑوں کا انتخاب کیا جائے گا، جوڑا شادی کے بعد افورٹ سے پچیس کلومیٹر دور مہمانوں کے ساتھ رنتھمبور نیشنل پارک میں جائیں گے۔

 کیف اور کوشل ممبئی کے جوہو میں ایک عالیشان اپارٹمنٹ میں چلے جائیں گے، ایک ریئل اسٹیٹ پورٹل کے سربراہ ورون سنگھ نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ کوشل کی طرف سے ادا کردہ سیکیورٹی ڈپازٹ پونے دو کروڑ کے قریب ہے، پہلے 36 ماہ کا کرایہ 8 لاکھ ہے۔

تازہ ترین