لاہور(نمائندہ جنگ ) مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نےکہاہےکہ بجلی مہنگی، روپیہ سستا، قوم وزیر اعظم کو چور کیوں نہ کہے،عمران نیازی اپنی انا ، ضد، نالائقی اور کرپشن کی سزا قومی سلامتی اور عوام کی زندگی سے کھیل کر نہ دیں، حکومت کے ظالمانہ اقدامات غریبوںاور معیشت پر بجلی بن کر گر رہے ہیں، اس فیصلے سے مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی تباہی مزید بڑھے گی بجلی ،پٹرول اور گیس کی قیمتوںمیں اضافہ اور ٹیکسوں کو بڑھانا آئی ایم ایف کی غلامی ہے، حکومتی سوچ اور اقدامات کو مسترد کرتے ہیں ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی کمی کا ریلیف عوام کو منتقل نہیں کیاگیا بلکہ پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی اور سیلز ٹیکس کا نفاذ کرکے غریبوں کا مذاق اڑایا گیا ،حکومت کے سوا3سال میں روپے کی قدر میں 54 روپے کمی پر قوم وزیراعظم کو چور کیوں نہ کہے؟ 40 ماہ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 30.5 فیصد سے زائد کمی ہوئی سقوط ڈھاکہ کے سانحہ کے وقت 58 فیصد روپے کی قدر کے بعد سب سے بڑی مقدار میں روپے کی قدر میں کمی ہے۔