بر منگھم (پ ر) اسلام احترام انسانیت پر سب سے زیا دہ زور دیتا ہے۔سانحہ سیالکوٹ جہالت کی انتہا اور ایک ناعاقبت اندیش معاشرے کی نشاندہی کرتا ہے،وقت آگیا ہے ایسے افراد کو بے نقاب کیا جائے جو اسلام اور ملک عزیز کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں،حکومت کو ایسے افرادسے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا چاہیے،علمائے کرام کا فرض ہے کہ وہ ایسے افراد سے اعلان بیزاری کریں ۔ ان خیالات کا اظہار تحریکِ کشمیر بر طا نیہ کے نائب صدر مفتی عبدالمجید ندیم نے ہینڈز ورتھ اسلا مک سنٹر برمنگھم میں ہفتہ وار پروگرام سے خطا ب کرتے ہو ئے کیا ۔ انہوں نے کہا آج مسلمان اسلام کو سیکھنے کی بجائے چند جذباتی نعروں کے اسیر ہو کر ان اعلیٰ اسلا می قدروں کو فراموش کر چکے ہیں جو ان کی سربلندی اور قوت و حشمت کی بنیا د تھیں ،وہ دوسروں کو قبول کرنے سے انکا ری ہیں اور اپنے اپنے تنگ خیالات کے خول میں بند ہو کر رہ گئے ہیں جس کی وجہ سے ان کی سوچ میں تنگی اور ان کے وژن میں جمود بڑھتا ہی جا رہا ہے اگر یہی صورتِ حال تسلسل کے ساتھ جا ری رہی تو مسلمانوں کا زوال بڑھتا ہی چلا جا ئے گا ۔ مفتی عبدا لمجید ندیم نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بحیثیت مسلمان اس بات کا احساس کریں کہ ہم ان نبی محترم ﷺ کے امتی ہیں جنہوں نے اپنے دشمنوں تک کو بھی معاف فرما دیا تھا اگر کوئی شخص توہین کا مرتکب ہوا ہے تو اس کے لیے عدالتیں موجود ہیں کسی فرد واحد یا گروپ کو یہ اختیار نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنے طور پر فیصلے کرنا شروع کر دے اگر ایسا ہوتا رہا تو پاکستان اور زیادہ کمزور اور عالمی سطح پر بدنام ہو جا ئے گا لہٰذا تمام افراد کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ انہوں نے علما ئے کرام ، مشائخ عظام اور کمیونٹی رہنما ؤں سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطبا ت اور تقاریر میں اس پہلو پر خصوصی روشنی ڈالیں تاکہ عوام الناس اسلامی تعلیمات کی طرف رجوع فرما کر اصلاح کے عمل میں شریک ہو سکیں۔