کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان نے ڈھاکا ٹیسٹ اعصاب شکن مقابلے اور کئی نشیب و فراز کے بعد اننگز اور 8رنز سے جیت کر بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز دو صفر سے جیت کر کلین سوئپ مکمل کیا۔ پاکستان نے گھر میں گھس کا ٹائیگرز کا شکار کیا۔ آف اسپنر ساجد خان نے کیریئر کے چوتھے ٹیسٹ میں یادگار کارکردگی دکھائی اور12وکٹ اڑادیے ۔ پاکستان کو کامیابی پر ٹیسٹ چیمپئن شپ کے بارہ پوائنٹس مل گئے۔ ساجد میچ اورعابد علی سیریز کے بہترین پلیئر قرار پائے۔ ٹیسٹ میں ایک دن کھیل نہ ہوسکا جبکہ ایک دن صرف38گیندیں کی جاسکیں لیکن بابر اعظم کے دلیرانہ ڈکلیئریشن اورساجد خان کی تباہ کن بولنگ کے سامنے میزبان ٹیم بے بس دکھائی دی۔ بدھ کی شام روشنی کم ہورہی تھی اور لائٹ ٹاورز آن تھے، بابر اعظم نے اسپنرز پر انحصار کیا اور پاکستان کو فتح مل گئی۔ ایک موقع پر شکیب الحسن اور مہدی حسن کی شراکت توڑنا مشکل دکھائی دے رہا تھا۔ اس وقت بابر اعظم خود گیند تھامی اور مہدی حسن کو آئوٹ کرکے پہلی وکٹ حاصل کی۔ پانچویں دن پاکستان نے بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں87رنز پر سمیٹ دیا۔ ساجد خان نے42 رنز دے کر آٹھ شکار کیے۔ فالو آن کے بعد ہوم ٹیم205 رنزپر آئوٹ ہوگئی۔ ساجد خان نے86رنز دے کر چار، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی تین صفر سے جیتی تھی۔ بدھ کو ٹائیگرز نے 76رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی، ان کا پہلا ہدف مزید 25رنز بناکر فالو آن سے بچنا تھا ۔ لیکن وہ ناکام رہے۔ پاکستان کو 213رنز کی برتری ملی ۔ آخری روز ساجد خان نے اپنے پہلے ہی اوور میں تیج الاسلام کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ شاہین آفریدی نے مخصوص یارکر سے خالد احمد کی وکٹ اڑائی۔ فالو آن سے بچنے کی آخری امید شکیب الحسن تھے جو آخری بیٹسمینا عبادت حسین کو بچانے کے لیے 14 گیندیں کھیل چکے تھے لیکن ساجد خان کو چوکا لگانے کے بعد اوور کی آخری گیند پر اظہر علی کو کیچ دے گئے۔ فالوآن کے بعد حسن علی نے اننگز کے آغاز میں ہی محمود الحسن کو بولڈ کردیا۔ اگلے ہی اوورمیں شاہین شاہ آفریدی نے شادمان اسلام کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ حسن علی اپنے اگلے اوور میں کپتان مومن الحق کو ایل بی ڈبلیو کردیا، وہ دونوں ٹیسٹ کی چار اننگز میں ڈبل فیگرز میں ہی نہیں آسکے۔ اب شاہین آئے اور نجم الحسن کو فواد عالم کو کیچ بنوادیا ۔ اس وقت اسکور 25رنز پر چار وکٹ تھا۔ لٹن داس اور مشفق الرحیم کی خطرہ بنتی 73رنز کی شراکت کامیاب ترین بولر ساجد خان نے ختم کی ۔ لٹن داس 45 رنز بناسکے ۔ مشفق الرحیم اور شکیب الحسن نے 49رنز کی شراکت قائم کی۔ مشفق48کی اننگز کھیل کر رن آئوٹ ہوگئے۔ ساجد خان نے شکیب الحسن کو 63رنز پر بولڈ کیا۔ آخری دو وکٹیں ساجد خان نے حاصل کیں۔