• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیات کو پراپرٹی ٹیکس، پانی، صحت، تعلیم اور پولیسنگ کے اختیار دیں گے، بلاول بھٹو


کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی کا منظور کردہ سندھ بلدیاتی حکومت (ترمیمی) بل-2021 کراچی کے عوام کو بااختیار بنائے گا، ان سے کیے گئے وعدے پورے ہوں گے، بلدیات کو پراپرٹی ٹیکس، پانی،پولیسنگ کے اختیارات دیں گے، بلدیاتی نظام کے تحت تعلیم، صحت ، ویسٹ مینجمنٹ، لوکل پولیسنگ، محکمہ تعلیم وغیرہ مقامی حکومت کو جوابدہ ہوں گے اور بلدیاتی اداروں کے پاس ہفتہ وار رپورٹس جمع کرائیں گے، سلیکٹڈ حکومت میں عوام تکلیف میں رہے گی، 10دسمبراور 17دسمبر کو مہنگائی کیخلا ف ملک گیر احتجاج کرینگے۔ بدھ کو وزیراعلیٰ ہاوس میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کو درپیش تکالیف واضح ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کا مقصد عام آدمی کے مسائل کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10دسمبر کوپیپلزپارٹی کارکنان مہنگائی کے خلاف ملک بھرمیں احتجاجی مظاہرے کریں گے،17دسمبر کوبھی ملک گیر مظاہرے ہوں گے،عوام دشمن پالیسیوں کا ہر فورم پر مقابلہ کرے گی، جو ملک کی معاشی سمت کو درست کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ سلیکٹڈ حکومت قائم رہے گی اور آئی ایم ایف ڈیل چلتی رہے گی، تب تک عوام تکلیف میں رہیں گے، ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے آرڈیننس کے ذریعے غریبوں کی کچی آبادیوں کو تحفظ دلانے کے اقدام کو خوش آمدید کہتا ہوں، اگر عدالت کی طرف سے کسی کو سزا دینی چاہئے تھی تو وہ اس عمارت (نسلہ ٹاور) میں رہنے والے افراد نہیں بلکہ انہیں دیتے جو اس غیر قانونی کام میں ملوث تھے، اس وقت لوکل گورنمنٹ کے انچارج مصطفیٰ کمال تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو درپیش غربت و بیروزگاری کو بے نقاب کرنا، پی پی پی کا مشن ہے۔

تازہ ترین