اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار وغیرہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں شریک ملزمان کی بریت درخواستوں پر فیصلہ موخر کر دیا گیا۔ بدھ کو سماعت کے دوران نیب پراسیکوٹر افضل قریشی اور وکلاء صفائی کے علاوہ شریک ملزمان عدالت پیش ہوئے، ریفرنس سے متعلقہ ریکارڈ اسلام آباد ہائیکورٹ منتقل ہونے کے باعث ملزمان کی بریت درخواستوں پر محفوظ شدہ فیصلہ نہ سنایا جاسکااور سماعت 22دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔