• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ ٹیم کا جادو چل رہا ہے، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا کو ان کے ملک میں ہرانا مشن، رمیز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے میچ سے قبل میں نے بابر اعظم کو یہی پیغام دیا تھا کہ جیتیں یا ہاریں آپ کو تگڑا کھیلنا ہے۔ میرا مشن ہے کہ پاکستان ،آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کو ان کے ملکوں میں شکست دے۔ ہم نے کرکٹ کا جی پی ایس درست کرنا ہے تاکہ ٹیم گھبرائے بغیر بے خوف کرکٹ کھیلے۔ ورلڈ کپ کے بعد پاکستان ٹیم کی اٹھان ہم نے دیکھی ۔ ٹی ٹوئنٹی سے گیئر تبدیل کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اس کی کارکردگی میں کمی نہیں آئی ہے۔ کرکٹ ٹیم کا جادو اور کمال چل رہا ہے۔ جمعرات کو ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا لیڈر کو اعتماد دیتے ہیں تو وہ کارکردگی، بحران سب کی ذمے داری لیتا ہے۔ ہارسے نہیں ڈرنا چاہیے اس لئے ہمیں اچھے نتائج مل رہے ہیں، ایسی مستقل مزاجی کافی عرصے بعد دکھائی دے رہی ہے۔ بنگلہ دیش کسی بھی طرح آسان حریف نہ تھا۔ وہ ایسی پچیں بناتے ہیں جس پر اسپن کے ذریعے حملہ آور ہوتے ہیں۔ پاکستان ٹیم کو بہت مبارکباد دیتا ہوں۔ لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ ٹیم میں یہ تبدیلی کیسے آئی۔ میں سمجھتا ہوں کہ لیڈر شپ کا بہت اہم کردار ہے ۔ میں نے بابر اعظم کو مکمل اعتماد دیا۔ پی سی بی میں کرکٹر آنے کا مقصد یہ ہے کہ سسٹم ٹھیک ہو اور کرکٹ کی پچوں میں بہتری آئی۔ پچ ٹھیک نہیں ہوگی تو کارکردگی میں بہتری نہیں آئے گی۔اسکول کرکٹ میں پچوں کا جال بچھائیں گے۔ سپر لیگ ڈرافٹ کے دوران پچ کے بارے میں بریکنگ نیوز دوں گا۔ اسکولوں سے کہوں گا اپنی گرلز اور جونیئر ٹیمیں بنائیں۔ پی سی بی جونیئر کنٹریکٹ آرہا ہے، انڈر11، انڈر 16اور انڈر 19کے بچوں کو کنٹریکٹ دیں گے۔

تازہ ترین