کراچی( اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ افغانستان کو تنہا چھوڑنے سے دنیا نئی مشکل کا شکار ہوجائے گی، دنیا کو افغانستان کے ساتھ ساتھ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے پر بھی توجہ دینا ہوگی، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پابندیوں کی وجہ سے مالی بحران پیدا ہونا شروع ہوگیا ہے جس سے اس ملک میں نئی گڑ بڑ کا امکان ہے جس سے دوبارہ سے نئی جنگی کیفیت جنم لے سکتی ہے جس کی دنیا متحمل نہیں ہوسکے گی، انہوں نے کہا کہ کئی ماہ گزرنے کے باوجود عالمی طاقتوں اور اسلامی ملک نے نئی طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے افغانستان میں معاشی مسائل جنم لے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ دنیا کو افغانستان کے ساتھ ساتھ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے پر بھی توجہ دینا ہوگی جہاں بھارت اور اسرائیل کے مظالم سے جو صورت حال ہے وہ پور ی دنیا کی توجہ کی مستحق ہے، کشمیر اور فلسطین میں مظالم کی انتہا ہوچکی ہے اب وقت آگیا ہے کہ دنیا میں مستقل امن کے لئے دنیا کو ایک مثبت پالیسی بنانا ہوگی اور ظالم ملکوں کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔