• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرین لائن کا افتتاح، کراچی پاکستان کا معاشی انجن، مالی خودمختاری ملنی چاہئے، سندھ حکومت ہمارے ساتھ مل کر کام کرے، عمران خان

کراچی پاکستان کا معاشی انجن، مالی خودمختاری ملنی چاہئے، عمران خان


کراچی ( اسٹاف رپورٹر‘ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کو ملک کا معاشی انجن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی خوشحال ہوتا ہے تو پورا پاکستان خوشحال ہوتا ہے‘سب سے زیادہ ریونیو کراچی سے جنریٹ ہوتا ہے‘50سال میں شہر کو آگے بڑھنے کی بجائے کھنڈربنتے دیکھا‘کراچی کو مالی خودمختاری ملنی چاہئے ‘جدید شہر بنانے کیلئے کراچی کا مینجمنٹ سسٹم ٹھیک کرنا ہوگا، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت وعدوں پر عمل جاری ہے، بنڈل آئی لینڈ سے سندھ کو فائدہ ہوگا‘سندھ حکومت ہمارے ساتھ ملکر کام کرے ‘ عوامی مفاد کے منصوبوں میں ایک دوسرے سے تعاون اور مل کر چلنے سے سب کو فائدہ ہوگا‘آئندہ ماہ K4منصوبے کا سنگ بنیاد رکھاجائے گااور2023ءمیں یہ مکمل ہوگا‘ اس منصوبے پر میری خصوصی توجہ ہے‘ملک میں صنعت کاری کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں‘اگر ماضی میں برآمدات کو فروغ دیا جاتا جس طرح موجودہ حکومت نے اس شعبے کو مراعات دی ہیں تو ملک کو معاشی بحران کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی میں گرین لائن منصوبے کا افتتاح اور گورنرہاؤس کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عمران خان نے گرین لائن اسٹیشن کا دورہ اور بسوں کا معائنہ بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہریوں کے لئے جدید ترین سفری سہولیات کے حامل 35.5 ارب روپے کی لاگت کےگرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبے کا افتتاح کرتےہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کو بلدیاتی الیکشن میں اسی طرح خود مختاری دی جائے جس طرح لندن، نیویارک اور تہران کو حاصل ہے‘کراچی میں بھی سٹی میئر کو عوام کے براہ راست ووٹوں سے منتخب ہونا چاہیے‘جنوری کے وسط تک کراچی گرین لائن منصوبہ مکمل فعال ہوجائے گا۔ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہر کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں‘کراچی کو بدانتظامی کے باعث مسائل کا سامنا ہے‘سندھ حکومت کو بھی اپنے صوبہ کے عوام کے مفاد میں ان کو ہیلتھ کارڈ دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے ‘اگر شہروں کا بے ہنگم پھیلاؤ جاری رہا تو زرعی زمین میں کمی سے فوڈ سکیورٹی کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔سندھ کے لوگ بھی پاکستان کا حصہ ہیں، سندھ میں آٹا 250 روپے فی من مہنگا مل رہا ہے، ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے۔قبل ازیں عمران خان نے تختی کی نقاب کشائی کرکے گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبے کا افتتاح کیا۔اس منصوبے سے مغربی اور وسطی اضلاع کے 135,000 مسافروں کو روزانہ جدید ترین سفری سہولیات کے ساتھ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ تک رسائی آسان اور محفوظ بن سکے گی۔21 کلومیٹر لمبے گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کوری ڈور پر 22 اسٹیشنز، ٹکٹنگ رومز ، برقی زینے اور سیڑھیاں موجود ہیں۔ دریں اثناءینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز PVC-III کی گورنر ہائوس میں جمعہ کو منعقدہ افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں صنعت کاری کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں‘آبادی میں اضافے کی وجہ سے ملک وہ اشیا درآمد کرنے پر مجبور ہو گیا جو پہلے کبھی درآمد نہیں کی گئیں، اگر ماضی میں برآمدات کو فروغ دیا جاتا جس طرح موجودہ حکومت نے اس شعبے کو مراعات دی ہیں تو ملک کو معاشی بحران کا سامنا نہ کرنا پڑتا، موجودہ حکومت کے دور میں ملکی برآمدات میں زبردست اور تاریخی اضافہ دیکھنے میں آیا۔             

تازہ ترین