نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی، انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات گیمبیا میں 15ویں اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلامی سربراہی اجلاس کے کامیابی سے انعقاد پر سیکرٹری جنرل کو مبارکباد پیش کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے فلسطین پر پاکستان کے اصولی موقف اور مقبوضہ علاقوں سے اسرائیل کے انخلاء کے پاکستانی موقف کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے فلسطین واپسی کے حق کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا اور مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے او آئی سی کی کوششوں کو سراہا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے امن اقدامات کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کا اظہار کیا۔