• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر قانونی بھرتیاں، شاہد خاقان و دیگر کیخلاف ریفرنس کی سماعت ملتوی

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کے خلاف پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او )میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت 10جنوری 2022تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نام نہاد احتساب کرنے والوں کا بھی ایک دن احتساب دیکھیں گے۔ جب سچ اور حق چھپایا جائے گا تو ملک نہیں چل سکتا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کے خلاف پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت شریک ملزم شیخ عمران الحق کی جانب سے دائر درخواست پر دلائل دیئے گئے۔ وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم کے بعد احتساب عدالت کو ریفرنس کی سماعت کا اختیار نہیں رہا۔ بعد ازں عدالت نے نیب کے وکیل کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ریفرنس کی مزید سماعت 10 جنوری تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین