• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کی سابق مقبول ترین جوڑی ملائکہ اروڑا اور ارباز خان ایک بار پھر سے ایک ساتھ منظرِ عام پر آگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائکہ اروڑا اور ان کے سابق شوہر ارباز خان گزشتہ رات ممبئی ایئرپورٹ پر اپنے بیٹے ارہان کا استقبال کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے جوکہ بیرون ملک کالج میں زیرِ تعلیم ہے اور موسمِ سرما کی چھٹیوں کے لیے گھر واپس آیا۔

ملائکہ اروڑا اور ارباز خان دونوں نے ارہان خان کو گلے لگا کر اپنی محبت کا اظہار کیا، ان کی تصاویر پاپرازی اکاؤنٹس کے ذریعے آن لائن شیئر کی گئیں۔


اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ارباز خان ایئرپورٹ پر اپنے بیٹے کے ساتھ موجود ہیں اور وہیں ملائکہ بھی پہنچ جاتی ہیں۔


ملائکہ اپنے بیٹے کو گلے سے لگاتی ہیں جبکہ ارباز خان سے دور دور ہی رہتی ہیں۔

ویڈیو میں واضح نظر آرہا ہے کہ ملائکہ ارباز خان کی طرف نہ دیکھتی ہیں اور نہ ہی اُن سے بالکل بات کرتی ہیں۔

ارہان نے اپنی اعلیٰ تعلیم کے لیے ایک سال کا وقفہ لینے کے بعد رواں سال اگست میں بھارت چھوڑ دیا تھا، ملائکہ ان کے بارے میں پوسٹ کرتی رہتی ہیں اور اکثر اس بارے میں بات کرتی رہتی ہیں کہ وہ اپنے بیٹے کو کتنا یاد کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے سال 1998ء میں اداکار و فلم ساز ارباز خان سے شادی کی تھی، دونوں کے ہاں 2002 میں بیٹے ارہان خان کی پیدائش ہوئی تھی، 19 سال شادی رہنے کے بعد ان کی طلاق 2017ء میں ہوئی تھی۔

ارباز خان سے طلاق کے بعد ملائکہ اروڑا نے بالی ووڈ کے نوجوان اداکار ارجن کپور کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کیے، سوشل میڈیا پر بھی ان کی جوڑی کے کافی چرچے ہیں۔

دونوں اداکاروں کی جانب سے کئی بار کہا گیا ہے کہ وہ بہت جلد شادی کرلیں گے۔

تازہ ترین