• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ اداکارہ ملائکہ اروڑا اور اداکار ارجن کپور کی منگنی کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں۔

حال ہی میں ملائکہ اروڑا نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی کچھ تصویریں شیئر کیں جن میں اُنہیں ڈائمنڈ کی خوبصورت انگوٹھی پہنے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔


ملائکہ اروڑا نے انگوٹھی بھی اُسی اُنگلی میں پہنی ہوئی ہے جس میں منگنی کی انگوٹھی پہنی جاتی ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’یہ انگوٹھی ایک خواب کی مانند ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’مجھے اس انگوٹھی سے بہت محبت ہے۔‘

ملائکہ اروڑا نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں اس انگوٹھی کو تیار کرنے والے برانڈ کے بارے میں بھی بتایا۔

اُنہوں نے کہا کہ ’اگر آپ اپنی محبت کو تحفہ دینا چاہتے ہیں تو اس برانڈ کی انگوٹھی خریدیں۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے مزید کہا کہ ’منگنی کے لیے ان کی انگوٹھیاں بہترین ہوتی ہیں۔‘

ملائکہ اروڑا کی اس پوسٹ پر صارفین کی جانب سے اُنہیں اور اداکار ارجن کپور کو منگنی کی مبارکباد دی جارہی ہے تاہم ابھی تک دونوں اداکاروں کی جانب سے منگنی کی خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ارجن کپور اداکار انیل کپور کے بھتیجے ہیں جبکہ ملائکہ اروڑا اداکار ارباز خان کی سابقہ اہلیہ ہیں۔

ارجن کپور اور ملائکہ اروڑا کے درمیان گزشتہ کئی سالوں سے قریبی تعلقات قائم ہیں۔

خیال رہے کہ ملائکہ اروڑا 18سال تک سلمان خان کے بھائی ارباز خان کےساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک رہیں۔

18سالہ ازدواجی زندگی میں کئی اختلافات ہونے کے سبب مارچ 2016ء میں دونوں اداکاروں نے جُدا ہونے کا اعلان کیا اور علیحدہ علیحدہ رہنے لگے لیکن دوماہ بعد خاندانی مسائل کے پیش نظر ارباز اور ملائکہ نے ایک بار پھر ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا لیکن یہ جوڑا نومبر میں ایک بار پھر علیحدگی پر مجبور ہوگیا۔ 

دسمبر 2016ء میں دونوں نے باندرا (ممبئی )میں واقع فیملی کورٹ میں طلاق کی عرضی دائر کی۔ 

دونوں اسٹارز دسمبر میں کورٹ میں کاؤنسلنگ کے لیے پہنچے لیکن دونوں کے درمیان صلح نہیں ہوئی۔

کچھ عرصہ بعد عدالت نے 11 مئی 2017ء کو دونوں اداکاروں کے درمیان قانونی طور پر علیحدگی کی منظوری دے دی۔ 

ملائکہ اروڑا اور ارباز خان کا ایک بیٹا ارہان ہے جس کے لیے عدالت نے یہ فیصلہ دیا کہ ارہان طلاق کے بعد اپنی ماں ملائکہ اروڑا کے پاس رہے گا اور ارباز کو بیٹے سے ملنے کی اجازت ہوگی۔

تازہ ترین