چلو آئو شہر نحوست سے نکلیں
یہاں پر ہمارے لیے کچھ نہیں ہے
زمین ہر جگہ ہے
کہ آغوشِ مادر میں وسعت بہت ہے
جہاں جائیں گے یہ زمین کا تعلق ہے
ہمیں زندہ رہنے کی ترغیب دیتا رہے گا...
مرحوم افتخار نسیم نے یہ نظم پتہ نہیں کن حالات میں لکھی ہوگی مگر آج لاہور میں جو خراب آب و ہوا ہے جس کی وجہ سے یہ شہر دنیا بھر میں نمبر ایک شہرِ خراب بن چکا ہے، سرکار اس سے لاتعلق نظر آتی ہے۔ کمال یہ ہے کہ پنجاب کی بڑی عدالت نے نوٹس لیا ہے مگر ہوگا کیا اور کیسے؟ اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ اِس شہر کے رہائشی قسمت کے ماٹھے زندہ دِلان لاہور کے حوالے سے اپنی شناخت کرواتے ہیں۔ ہمارے عام لوگ قانون اور انصاف کے معاملے میں بدنصیب ہیں۔ کوئی قانون اگر موجود ہے تو اُس پر عملدرآمد مشکل ہے۔ اگر عمل کی صورت بن بھی جائے تو اِس کو انصاف نہیں کہا جا سکتا اور پاکستان کے عوام آج کل اپنے سیاسی لیڈروں کی خود پسندی سے بھی پریشان ہیں۔
مجھے نہیں معلوم کہ خودپسندی کسی جمہوری نظام میں کیا کردار ادا کرتی ہے؟ اسی جمہوری نظام پر امریکہ نے ایک بڑی کانفرنس کا اعلان کر رکھا ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وبا کی وجہ سے اِس طرح کی کانفرنسیں انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے اپنے ملکوں میں بیٹھ کر منعقد کی جا رہی ہیں۔ امریکہ نے اِس کانفرنس میں کچھ روز قبل پاکستان کو مدعو کیا تھا، یہ دعوت نامہ امریکی صدر کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کے لیے تھا۔ اِس خطے کی سیاست میں اِس وقت چین کی حیثیت بہت نمایاں ہے اور وہ پاکستان کا بغیر کسی پیشگی شرائط کے حلیف ہے اور سی پیک کا منصوبہ ایک اچھے اور نئے پاکستان کے لیے بہت ضروری بھی تو ہے مگر امریکہ کو یہ سب پسند نہیں ہے اور اسی وجہ سے وہ ماضی میں بھی دوست اور مہربان ہونے کا دعویٰ کرنے کے باوجود پاکستان پر پابندیاں لگاتا رہا ہے۔ اب اس پر اعتبار کرنا مشکل ہے اور اسی وجہ سے پاکستان نے اِس کانفرنس کی دعوت میں شرکت سے معذوری ظاہر کردی ہے۔پاکستان میں پہلے تو یہ الزام لگایا جاتا رہا کہ مارشل لاؤں کی وجہ سے ملکی ترقی کا سفر مشکوک رہا مگر اب تو کئی سال سے ملک میں جمہوریت کا راج ہے۔ جمہوریت کا راگ الاپنے والی قومی اسمبلی میں اپوزیشن کسی بھی معاملے میں یک سو نظر نہیں آتی۔ وہ صرف دعوے کر رہی ہے کہ پی ٹی آئی کی سرکار کو جلد سبکدوش کردیا جائے گا مگر اسمبلی میں ان کی اکثریت بھی نظر نہیں آتی۔ ہماری اپوزیشن کو بیرون ملک سے مدد ملتی رہتی ہے اور اسی وجہ سے ہمارے اپوزیشن لیڈر کبھی امریکہ یا برطانیہ پر ملکی مفاد میں تنقید کرتے نظر نہیں آتے۔ برطانیہ ایک عرصہ سے ایسے افراد کو تحفظ دیتا رہا ہے جو پاکستان کو کسی نہ کسی جرم میں مطلوب رہے ہیں۔ اس وقت بھی پاکستان کے سابق وزیراعظم برطانیہ میں خود ساختہ جلا وطنی اختیار کیے اپنی من مانی سیاست کر رہے ہیں، یہ سہولت ان کو پاکستان میں جمہوریت کی وجہ سے میسر ہے اور دوسری طرف وہ پاکستان کے طاقتور حلقوں سے رابطے میں رہتے ہیں اور نامعلوم معاملات پر مشاورت کرتے رہتےہیں۔
پاکستان اِس وقت شدید معاشی بحران سے دوچار ہے۔ سابقہ حکومتوں کے قرضوں نے ملکی معیشت کوبدحال کر رکھا ہے۔ پھر آئی ایم ایف کی شرائط کچھ ایسی ہیں جن سے حالات مزید خراب ہو رہے ہیں۔ ہماری اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ اس وقت اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا گورنر آئی ایم ایف کا ملازم ہے اور پاکستان سرکار کا معاون نہیں۔ اس اعلان کے بعد وہ اسمبلی میں یہ معاملہ اٹھا سکتے تھے اور اب بھی اس پر کارروائی ہو سکتی ہے مگر امریکی مفادات کے سبب اور جمہوریت کی ساکھ کی وجہ سے وہ زبانی جمع خرچ تو کر رہے ہیں مگر عملی کارروائی کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔ اسمبلی میں مختلف کمیٹیاں بھی جمہوریت کا راگ الاپتی ہیں لیکن کوئی ایسا کردار ادا کرتی نظر نہیں آتیں جس سے عوام کی داد رسی ہو سکے، اُن کا کام صرف اسمبلی میں اپنی حیثیت منوانا اور ٹی اے ڈی اے کے اخراجات وصول کرنا ہے۔ ان کی کوئی بھی کارروائی ملکی آئین کو اہمیت دیتی نظر نہیں آتی ۔
اس وقت اپوزیشن کے اہم رکن، جو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے رکن نہیں ہیں، وہ ایک عرصہ سے حکومت کے خاتمہ کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ بدقسمتی سے ان کے ساتھ بھی جمہوریت کی وجہ سے ہاتھ ہو گیا۔ ان کے حلیف آپس میں ہی لڑ پڑے۔ ان کے سابق دوست اور سابق صدر پاکستان نے سابق وزیراعظم پر تنقید تو نہیں کی مگر یہ ضرور کہا کہ اگر ووٹ کو عزت دینی ہے تو ان کا خود ساختہ جلاوطنی کو ترک کرکے واپس پاکستان آنا ضروری ہے۔ ان کے اس بھاشن پر سابق وزیراعلیٰ صوبہ پنجاب کو بڑی تشویش ہے اور انہوں نے اس کا اظہار بھی کیا ہے۔ وہ اگر یہ شکایت اپنے پسندیدہ لیڈر بلاول بھٹو زرداری سے کرتے تو بات بن سکتی تھی۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب جوڑ توڑ کے ماہر ہیں مگر اس وقت ان کو سب سے زیادہ خطرہ میاں نواز شریف کی پتری مریم نواز سے ہے۔ وہ ان کو خاطر میں نہیں لاتیں۔ ان کی اس جنگ میں بےچاری جمہوریت بیگم بہت ہی بدنام ہو رہی ہے اور ناقابلِ اعتبار بھی۔
ایک عرصہ کے بعد دفتر خارجہ نے امریکہ کو ایک مناسب جواب دیا ہے۔ ہماری سیاسی اشرافیہ اس پر ردِعمل ظاہر کرنے سے گریزاں ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان چند اہم فیصلے کرنے کے لیے عسکری انتظامیہ سے مشاورت کرتے رہے ہیں۔ ہماری عسکری انتظامیہ جس نے ماضی میں بھی جمہوریت کے نظام کو تحفظ فراہم کیا ہے اور اب بھی جمہوریت سے اچھی امید رکھتی ہے مگر جمہوریت پاکستان کے لیے ایک سیاسی بوجھ بن چکی ہے، اب ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جو عوام کے مفادات کا تحفظ کر سکے۔ چین کا نظام آپ کو پسند نہیں اور قوم اتنی تیزی اور جلدی سے ترقی کی خواہش مند بھی نہیں، ویسے بھی ہمارا محاورہ ہے کہ جلدی کا کام شیطان کا۔ اِس وقت ملک میں ایک بڑا مسئلہ عدم برداشت کا بھی ہے۔ عدم برداشت ہی جمہوریت کو پریشان کررہی ہے۔ عمران خان اِس حوالے سے کچھ کرنے کا سوچ رہے ہیں اور مزید دیر کی گنجائش نہیں۔ نظام بدلنے کا وقت ابھی قریب نہیں مگر یہ سب کچھ اس طرح چل نہیں سکے گا۔ ہوا چل رہی ہے بس تو پھر:
ہوا کا زور ہی کافی بہانہ ہوتا ہے
اگر چراغ کسی کو جلانا ہوتا ہے