پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 70ء کی دہائی کی طرح آج بھی روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ اہم ہے۔
پی پی چیئرمین نے ان خیالات کا اظہار بلاول ہاؤس لاہور میں پی پی میں شمولیت اختیار کرنے والوں سے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے پی پی کا حصہ بننے والے افراد کو مبارک باد دی اور کہا کہ آج بھی روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ اہم ہے، جتنا 70 کی دہائی میں تھا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی، پنجاب کے دل لاہور کو ہم نے جیتنا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ماضی میں پنجاب کے عوام کو روزگار دیا، پی پی ہی اب بھی یہاں کے عوام کو روزگار دے سکتی ہے۔
پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ کسی سے ذاتی لڑائی نہیں، ہمارا مسئلہ عوام کے بنیادی حقوق ہیں، پیپلز پارٹی حکومت کے لیے نہیں عوامی خدمت کے لیے سیاست کرتی ہے۔