پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔
پی پی وفد میں وقار مہدی اور سلمان مراد بھی شامل تھے، جنہوں نے صدر ن لیگ شاہ محمد شاہ سے ملاقات کی، ن لیگی رہنماؤں میں سابق گورنر سندھ محمد زبیر و دیگر موجود تھے۔
ملاقات میں دو طرفہ سیاسی صورتحال سمیت، بلدیاتی ایکٹ 2021 سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔
سعید غنی نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ پر اپوزیشن کی جانب سے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسے بنیاد بنا کر صوبے بالخصوص شہر کراچی میں لسانی سیاست کو فروغ دیا جارہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے 2021 کے ایکٹ میں 2013 کی نسبت اختیارات کو زیادہ نچلی سطح تک منتقل کیا ہے۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ اس ایکٹ کی تیاری اور بعدازاں گورنر سندھ کی جانب سے اس پر تحفظات اور جو تجاویز دی گئیں انہیں بھی شامل کردیا گیا ہے۔
اس پر شاہ محمد شاہ نے کہا کہ اختیارات کی وفاق سے تقسیم صوبے اور نچلی سطح تک چاہتے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنماء محمد زبیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ابھی بلدیاتی ترمیمی بل کو مسترد نہیں کیا اس پر مشاورت کر رہے ہیں۔