• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہا ہونے والے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو عدالت سے ریلیف مل گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب آریان خان کو ہر جمعے کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ممبئی دفتر میں پیش نہیں ہونا پڑے گا کیونکہ ممبئی ہائی کورٹ نے آریان خان کو ملنے والی ضمانت کی اس شرط کو ختم کر دیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ جب بھی خصوصی تفتیشی ٹیم آریان خان کو طلب کرے گی تو انہیں خود کو دہلی میں پیش کرنا ہوگا۔

آریان خان نے ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں ضمانت کی اس شرط کو ختم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

اپنی درخواست میں، آریان خان نے کہا تھا کہ اُنہیں ہر جمعے کو پیشی کے وقت میڈیا کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہٰذا اُن کی اس شرط کو ختم کیا جائے اور آج عدالت نے آریان خان کو ملنے والی ضمانت کی 14 شرائط میں سے اس شرط کو ختم کردیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اُن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست لیا گیا تھا۔

تقریباََ 28 دن جیل میں گزارنے کے بعد آریان خان کو گزشتہ ماہ 30 اکتوبر کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ممبئی ہائیکورٹ نے آریان کی ضمانت کے لیے 14 شرائط درج کی تھیں، آریان خان پولیس کو بتائے بغیر ممبئی نہیں چھوڑ سکتے اور انہیں ہر جمعہ کو این سی بی کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔

شرائط میں اسی طرح کی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونا، اپنے دوست ارباز مرچنٹ جیسے دوسرے ملزموں سے بات چیت نہ کرنا اور میڈیا سے بات نہ کرنا شامل ہیں۔

اگر ان شرائط میں سے کسی کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) آریان خان کی ضمانت کی منسوخی کی درخواست کر سکتا ہے۔

تازہ ترین