• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مچ میں 4مراکز کو جرمانہ‘ لورالائی میں2ہوٹلوں کو نوٹسز جاری

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی زونل ٹیموں کی جانب سے عوامی شکایات پر مچ ضلع کچھی اور لورالائی ،ڈیرہ غازی خان قومی شاہراہ پر قائم اشیاء خوردونوش کے مراکز کی چیکنگ کے دوران مچ میں 4 مراکز پر جرمانے عائد جبکہ لورالائی میں 2 معروف ہوٹلوں کو وارننگ نوٹسز جاری کر دئیے گئے۔ مچ میں ناقص کھانے پینے کی اشیاء خصوصاً ملاوٹی دودھ کی فروخت کے حوالے سے بی ایف اے کو شکایات موصول ہوئی تھیں ، جس پر بی ایف اے حکام نے علاقے میں موجود ملک شاپس میں دودھ کے معیار جانچنے کیلئے نمونے لیکر موقع پر ٹیسٹ کئے ، دودھ میں پانی کی ملاوٹ پائی گئی ، علاوہ ازیں دوران معائنہ 3 جنرل اسٹورز سے مضر صحت فوڈ کلرز اور چائنیز نمک جبکہ ایک ہولسیلر سے ناقص و پابندی عائد کوکنگ آئل برآمد ہوا ، جس پر مذکورہ مراکز کو جرمانہ کیا گیا۔ مزید برآں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی زونل ٹیم نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عتیق الرحمان کے ہمراہ لورالائی ڈیرہ غازی خان نیشنل ہائی وے پر قائم ہوٹلوں و ریسٹورنٹس کی چیکنگ کی ۔ہوٹلوں میں صفائی کے انتظامات اور صارفین کو فروخت کئے جانے والے کھانوں کا معیار چیک کیا گیا ، اس دوران معروف الشمس ہوٹل اور المکہ ہوٹل کو مختلف وجوہات پر وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے ۔ہوٹل مالکان کو فراہم کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے ، کچن میں صفائی اور اشیاء کے اسٹوریج کے نظام کی بہتری جبکہ کھانوں کی تیاری میں معیاری اجزاء استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی۔ زونل ڈائریکٹر بی ایف اے شراف الدین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور مقامی انجمن تاجران کے تعاون سے کھانے پینے کے مراکز کو فوڈ بزنس لائسنس کے اجراء کا سلسلہ جلد شروع کیا جارہا ہے تاکہ کھانے پینے کے تمام مراکز میں حفظان صحت کے اصولوں و قواعد وضوابط کے مطابق عوام کو معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
تازہ ترین