• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک قوانین پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائیگا،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری تمام شہریوں کی ذمہ داری ہے، شہر میں ٹریفک جام اور دیگر مسائل کے حل کے لیے ٹریفک قوانین پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائیگا،رواں سال کوئٹہ میں نان کسٹم پیڈ ، غیرقانونی نمبرپلیٹ ، کالی شیشوں اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے دوران 16000 کالے شیشے ، 13889 فینسی نمبر پلیٹ اتارے اور 1350 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں پکڑی گئیں ، ان کاروائیوں کے دوران چالانوں کی مد میں 4 کروڑ 34 لاکھ روپیہ جرمانہ بھی کیا گیا ، یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی ، اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن عبدالحق عمرانی ، ایس ایس پی ٹریفک شیر علی ، ایس پی سکیورٹی نعیم اچکزئی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خلیل مراد ، ڈائریکٹر ایکسائز ظفراللہ سمیت دیگر افسران موجود تھے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں نان کسٹم پیڈ ، کالے شیشوں والی گاڑیوں اور فینسی نمبر پلیٹ والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک پولیس کاروائی کررہی ہے انہوں نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ گاڑی مالکان اپنی گاڑیوں کو بروقت محکمہ ایکسائز سے رجسٹرڈ کرائیں بصورت دیگر ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے گاڑیاں بند کردی جائیں گی، تمام گاڑیوں کے مالکان اپنی گاڑیوں سےکالے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹس جلدازجلد ہٹائیں بصورت دیگر انہیں بھاری جرمانہ کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ شہر میں ایسی شورومز جو غیر قانونی گاڑیوں کی خرید و فروخت کر رہے ہیںکے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
تازہ ترین