لاہور (پ ر) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے بعض اخبارات میں برطانوی نشریاتی ادارے کے حوالے سے شائع ہونے والے ان سے منسوب بیان کہ کالعدم تنظیموں کیخلاف قانونی کارروائی نہ کرنے میں ریاست ملوث رہی، کو یکسر مسترد کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ ان سے منسوب یہ بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی نشریاتی ادارے کی ویب سائٹ پر ان کا انٹرویو نامکمل ہے جس سے مذکورہ بیان کے معنی یکسر بدل گئے۔ رانا ثناء اللہ خاں نے کہاکہ انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے سے مذکورہ انٹرویو مکمل اپ لوڈ کرنے کی استدعا کی ہے تاکہ ان سے منسوب بیان کی کلی وضاحت ہو سکے اور اسے درست تناظر میں دیکھا جا سکے۔